دارالحکومت کے قریب یتیم خانے میں خوفناک آگ، 19 افراد زخمی

الجزائر (کیو این این ورلڈ)الجزائر کے دارالحکومت الجزائر کے قریب واقع ایک یتیم خانے میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں۔

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق یتیم خانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق آتشزدگی کے باعث بچوں سمیت 11 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں، فائر بریگیڈ اور مقامی افراد نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا اور عمارت میں پھنسے افراد کو نکالنے کا عمل مکمل کیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں 10 افراد شدید جھلس گئے ہیں، جبکہ پانچ معذور افراد کو بروقت اور بحفاظت عمارت سے نکال لیا گیا۔ حکام کے مطابق زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو زخمیوں کے علاج اور واقعے کی مکمل تحقیقات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور رپورٹ سامنے آنے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے