گھنٹوں سے لاپتہ معصوم شاہجہان چانڈیو مردہ حالت میں مل گیا، گاؤں میں سوگ کی فضا

میہڑ (کیو این این ورلڈ/منظور علی جوئیہ)میہڑ کے قریب واقع گاؤں مانکانی میں سات سالہ معصوم بچے کی لاش پانی سے بھرے ایک گڑھے سے برآمد ہونے کے بعد علاقے میں افسوس اور غم کی لہر دوڑ گئی۔ ورثاء نے واقعے پر قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گاؤں مانکانی کا رہائشی سات سالہ شاہجہان چانڈیو دن تقریباً 12 بجے کے قریب لاپتہ ہوگیا تھا، جس کے بعد اہل خانہ اور گاؤں کے لوگوں نے اس کی تلاش شروع کر دی۔ کئی گھنٹوں تک مختلف مقامات پر تلاش کے باوجود بچے کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

بعد ازاں گاؤں کے قریب واقع پانی والے ایک گڑھے سے معصوم شاہجہان چانڈیو کی لاش برآمد ہوئی، جس کے بعد اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے کے لوگ بڑی تعداد میں موقع پر جمع ہوگئے۔

ورثاء نے بچے کی موت کو مشکوک قرار دیتے ہوئے قتل کا شبہ ظاہر کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں اور اگر کسی قسم کی مجرمانہ غفلت یا واردات ہوئی ہے تو ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جا سکے۔

اطلاع ملنے پر لاش کو ضروری کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا، جہاں قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد میت ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

آخری اطلاعات موصول ہونے تک تھرڑی محبت تھانے میں واقعے کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا، تاہم پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید تحقیقات کے بعد ہی بچے کی موت کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے