میہڑ (کیو این این ورلڈ/رپورٹ منظور علی جوئیہ): میہڑ کے علاقے میں ایک ہی روز دو الگ الگ افسوسناک واقعات پیش آئے۔ ایک نوجوان کو بیدردی سے قتل کر دیا گیا جبکہ دوسرے نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آ کر خودکشی کر لی۔
شاہ پنہو تھانے کی حدود میں واقع گاؤں فیض محمد کلھوڑی کے رہائشی نوجوان طالب کلھوڑی کو نامعلوم ملزمان نے بیدردی سے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق طالب اپنی زرعی زمین پر رات کے وقت سو رہا تھا کہ ملزمان نے کلہاڑیوں کے وار کر کے اسے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ وارثوں کی اطلاع پر پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ آخری اطلاع تک کوئی مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا۔
دوسری جانب میہڑ کے قریب گاؤں ولی محمد رند کے رہائشی 28 سالہ راشد علی رند نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آ کر زہریلی دوا کھا لی۔ وارثین نے اسے بےہوشی کی حالت میں فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ نعش کے گھر پہنچنے پر گھر میں ماتم برپا ہو گیا۔
دونوں واقعات نے علاقے میں سوگ کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ پولیس نے دونوں کیسز کی تفتیش شروع کر دی ہے۔