گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری): گھوٹکی پولیس نے قتل، ڈکیتی، رہزنی، منشیات فروشی، آئس ڈیلنگ، جوئے اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد مطلوب، روپوش اور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ کئی غیر قانونی ٹھکانوں، کچی شراب کی بھٹیوں اور جوئے کے اڈوں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔
ترجمان گھوٹکی پولیس کے مطابق ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایات پر ڈی ایس پی اوباڑو عبدالقادر سومرو کی سربراہی میں بھاری نفری کے ہمراہ تھانہ کینجھو، ریتی، اوباڑو اور ڈہرکی کی حدود میں خصوصی آپریشن کیا گیا۔ کارروائیوں کا مقصد سنگین جرائم میں ملوث ملزمان، اشتہاریوں، منشیات فروشوں، آئس ڈیلرز، جواریوں اور سماجی جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق مختلف مقامات پر چھاپوں اور سرچ آپریشن کے دوران جرائم پیشہ عناصر کا گھیرا تنگ کرتے ہوئے متعدد مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے مبینہ ٹھکانوں کا محاصرہ کیا گیا اور کئی غیر قانونی مراکز تک رسائی حاصل کرنے کے بعد انہیں مسمار کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران متعدد کچی شراب کی بھٹیاں اور جوئے کے اڈے بھی ختم کر دیے گئے، جبکہ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا مقصد عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور معاشرے کو منشیات و دیگر غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک کرنا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں صرف منشیات فروشوں اور اشتہاری ملزمان تک محدود نہیں بلکہ ان عناصر کے خلاف بھی جاری ہیں جو ضلع گھوٹکی کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چھیننے، نقدی لوٹنے، ڈکیتی، اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔
اس موقع پر ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے کہا کہ ضلع میں پائیدار امن کا قیام پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسے ناسور سے بچانے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور قانون شکن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ گھوٹکی پولیس کی جانب سے اشتہاریوں، منشیات فروشوں، آئس ڈیلرز، جواریوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے اور بہت جلد مزید مطلوب ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔