40 سالہ تخلیقی سفر کا نچوڑ، ضیاء الحق سرحدی کا منتخب کالموں پر مشتمل مجموعہ منظر عام پر آ گیا

پشاور (کیو این این ورلڈ): معروف کالم نگار، دانشور، ستارہ امتیاز اور صدر اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن پشاور ضیاء الحق سرحدی کی نئی کتاب ’’یقینِ محکم‘‘ شائع ہو گئی ہے۔ یہ کتاب ان کے سو منتخب کالموں پر مشتمل پہلا مجموعہ ہے، جس میں ان کے طویل صحافتی، ادبی اور تخلیقی سفر کے تجربات، مشاہدات اور فکری آراء کو یکجا کیا گیا ہے۔

ضیاء الحق سرحدی نے کتاب کی اشاعت پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ’’یقینِ محکم‘‘ محض ایک کتاب نہیں بلکہ ان کی زندگی بھر کے تجربات، مشاہدات اور تقریباً چالیس سالہ تخلیقی سفر کا نچوڑ ہے۔ ان کے بقول اس مجموعے میں شامل کالم معاشرے کے مختلف پہلوؤں، قومی زندگی کے اہم موضوعات اور عوامی مسائل کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کتاب کے ہر صفحے پر قاری کو اپنے عہد اور معاشرے کی جھلک محسوس ہوگی۔ ’’یقینِ محکم‘‘ میں تاریخ، تہذیب، تمدن، زبان، ادب، مذہب، شخصیات اور پشاوریات سمیت وطنِ عزیز کے مختلف سماجی، ثقافتی اور فکری پہلوؤں کو موضوع بنایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کتاب میں ایسے مثبت اور امید افزا رویوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے جو موجودہ دور کے چیلنجز کے باوجود معاشرے میں روشن امکانات پیدا کرتے ہیں۔

مصنف نے کتاب کی تیاری اور اشاعت کے دوران تعاون کرنے والے تمام احباب اور قارئین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد ممتاز شخصیات نے ’’یقینِ محکم‘‘ کے حوالے سے اپنے تاثرات تحریر کیے جو کتاب کا حصہ بنے ہیں اور اس کی علمی و ادبی حیثیت میں اضافہ کرتے ہیں۔

ضیاء الحق سرحدی نے سابق وفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی، سابق وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ، سابق صدر پشاور پریس کلب ارشد عزیز ملک، ایڈیٹر روزنامہ کسوٹی امجد عزیز ملک، مدیر اعلیٰ روزنامہ تجارت و جرات جمیل اطہر قاضی اور سینئر کالم نگار ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی سمیت تمام دوستوں اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’’یقینِ محکم‘‘ قارئین کے دلوں تک رسائی حاصل کرے گی اور انہیں اپنے معاشرے، ثقافت اور قومی زندگی کے مثبت پہلوؤں کو سمجھنے کے لیے ایک نئی جہت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کتاب کی اشاعت کو اپنے لیے باعثِ مسرت قرار دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ ستارہ امتیاز کے اعزاز کے بعد یہ کتاب ان کی ادبی زندگی کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے