اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر): ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، محکمہ ہائی وے، روڈز، بلڈنگز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور مختلف محکموں کے افسران نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ صورتحال، پیش رفت اور درپیش چیلنجز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام سکیموں کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور ان کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی سکیموں میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر یا تعمیراتی معیار پر سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ عوامی فلاح کے منصوبے مقررہ وقت میں مکمل ہونا انتہائی ضروری ہیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی کامیاب تکمیل کے لیے عوامی نمائندوں کے ساتھ رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات زیادہ تیزی اور مؤثر انداز میں عوام تک پہنچائے جا سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ دفاتر تک محدود رہنے کے بجائے خود فیلڈ میں جا کر جاری کاموں کا معائنہ کریں اور منصوبوں کے معیار کی مسلسل نگرانی کریں تاکہ سرکاری فنڈز کا شفاف اور درست استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ انہیں تمام جاری ترقیاتی سکیموں کے باقاعدہ دورے بھی کروائے جائیں تاکہ منصوبوں کی پیش رفت اور معیار کا براہ راست جائزہ لیا جا سکے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع اوکاڑہ میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرکے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔