لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار) ضلع خیبر میں بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کے خلاف پولیس کا خصوصی کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر وقار احمد کی ہدایت پر ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندیوں، چیکنگ پوائنٹس اور سرچ آپریشنز کے دوران بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ضلع کے مختلف تھانوں کی حدود میں جاری مہم کے دوران متعدد بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لے لیا گیا جبکہ ان کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ پولیس اہلکار مختلف شاہراہوں، بازاروں اور داخلی و خارجی راستوں پر موٹر سائیکلوں کے کاغذات اور رجسٹریشن کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں تاکہ غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
ڈی پی او خیبر وقار احمد نے کہا کہ بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرتی ہیں، جس کے باعث قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جرائم کی تفتیش اور ملزمان کی شناخت میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ تمام شہری اپنے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی بروقت رجسٹریشن کرائیں اور متعلقہ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع خیبر میں جرائم کے خاتمے، مشکوک افراد کی نقل و حرکت کی نگرانی اور سکیورٹی صورتحال کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس نے شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ قانونی تقاضے پورے کریں اور چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ علاقے میں امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔