واسا منصوبے میں حفاظتی انتظامات نہ ہونے کا انکشاف، ٹھیکیداروں کے خلاف مقدمہ درج

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)اوکاڑہ کے علاقے 36 جوڑے روڈ نزد غلہ گودام کے قریب واسا کے جاری سیوریج منصوبے میں کھدائی کے دوران مٹی کا تودا گرنے سے دو مزدور ملبے تلے دب گئے، جس کے نتیجے میں ایک مزدور جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق سیوریج لائن کی کھدائی کا کام جاری تھا کہ اچانک مٹی کا تودا گر گیا اور وہاں کام کرنے والے دو مزدور ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کارروائی کے دوران ایک مزدور کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا، جبکہ دوسرے مزدور کی موت واقع ہو چکی تھی۔

جاں بحق ہونے والے مزدور کی شناخت عبدالجبار کے نام سے ہوئی ہے جو چک 23 ٹو ایل کا رہائشی تھا، جبکہ زخمی مزدور کی شناخت محمد بشیر کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد تھانہ صدر پولیس نے اے ایس آئی حسنین رضا کی مدعیت میں گورنمنٹ کنٹریکٹر محمد سجاد اور ٹھیکیداروں محمد عمران اور رضوان وٹو کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق جائے وقوعہ پر مناسب حفاظتی انتظامات موجود نہیں تھے اور مزدوروں کو سیفٹی بیلٹ، سیفٹی ہیلمٹ اور دیگر حفاظتی سامان بھی فراہم نہیں کیا گیا تھا، جس کے باعث حادثہ سنگین صورت اختیار کر گیا۔

پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد عبدالجبار کی میت ورثا کے حوالے کر دی۔ اہل خانہ کے مطابق جاں بحق مزدور اپنے خاندان کا واحد کفیل تھا، جس کی اچانک موت سے گھر میں کہرام مچ گیا ہے۔

علاقہ مکینوں اور لواحقین نے اعلیٰ حکام سے واقعے کی شفاف تحقیقات اور مبینہ غفلت کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

نوٹ: اس خبر میں حفاظتی انتظامات نہ ہونے اور غفلت سے متعلق معلومات ایف آئی آر اور پولیس ریکارڈ پر مبنی ہیں۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور معاملہ زیرِ تفتیش ہے۔ عدالت کی جانب سے جرم ثابت ہونے تک نامزد افراد قانوناً بے گناہ تصور کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے