نوجوان نسل کو منشیات سے بچانا حکومت کی ترجیح، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں

قصور (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف طارق نوید سندھو)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے قصور میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) کے نئے اسٹیشن کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، سیکرٹری ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول مسعود مختیار، کمانڈر سی این ایف اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

افتتاح کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی کو پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی تنظیمی ساخت، قانونی اختیارات، جاری آپریشنز، جدید آلات، تربیتی نظام اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ فورس کی گزشتہ گیارہ ماہ کی آپریشنل کارکردگی پر مشتمل جامع رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا قیام وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک اہم اور دور اندیش اقدام ہے، جس کا مقصد صوبے سے منشیات کے ناسور کا مؤثر خاتمہ اور نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ملک محمد احمد خاں نے فورس کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید آلات اور آپریشنل استعداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فورس پولیس، اینٹی نارکوٹکس فورس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے منشیات فروش عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرے گی۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ جرائم کی نوعیت وقت کے ساتھ تبدیل ہو رہی ہے، لہٰذا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے اور معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور متعلقہ اداروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔

تقریب کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا یہ نیا اسٹیشن ضلع قصور اور گردونواح میں منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے