پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات لازوال، ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے: مشترکہ پریس کانفرنس

استنبول (کیو این این ورلڈ) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے استنبول میں ایک اہم مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ہے۔ اس موقع پر ترک صدر نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان گہرے روابط کو سراہا۔

مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی موجودہ رفتار پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

ترک صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ ہر مشکل اور ہر محاذ پر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے عالمی امن کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن اور خوشحالی کے لیے کوششوں کی ہمیشہ حمایت جاری رکھی جائے گی، جبکہ امن و ترقی کے لیے پاکستان کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

دوطرفہ معاشی تعاون کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شعبوں میں اضافے پر خصوصی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتیں مستقبل میں بھی قریبی روابط جاری رکھیں گی۔

نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے شاندار استقبال اور بھرپور میزبانی پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان قلبی اور تاریخی تعلق قائم ہے، اور جنگ ہو یا کوئی بھی قدرتی آفت، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا بڑھ چڑھ کر ساتھ دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مظفرگڑھ اور پاکستان کے دیگر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ترکیہ کی جانب سے کی جانے والی مدد تاریخ کا حصہ بن چکی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کے زلزلہ زدہ علاقوں میں سماجی اور معاشی ترقی کے لیے ترکیہ کے تعاون پر پاکستانی قوم ان کی مشکور ہے۔

اپنے دورے کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بی ٹو بی فورم میں ترکیہ کی کاروباری شخصیات کے ساتھ ایک انتہائی اہم اور مفید نشست ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صدر اردوان کے ساتھ جامع اور تعمیری بات چیت ہوئی ہے جس میں خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر غور کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر کے ہدف تک پہنچانے کے لیے مکمل پرعزم ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اہم عالمی و علاقائی مسائل پر پاکستان کے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان قبرص کے مسئلے پر ترکیہ کے موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دینے اور دوٹوک موقف اختیار کرنے پر ترک صدر اور ترکیہ کی عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے