گوجرہ (کیو این این ورلڈ/عبد الرحمن جٹ) گوجرہ راجباہ میں نہاتے ہوئے 23 سالہ نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، جبکہ چند روز کے دوران نہر میں نہاتے ہوئے ڈوبنے سے جاں بحق ہونے والا یہ تیسرا واقعہ ہے، جس پر علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چک نمبر 298 ج ب کا رہائشی 23 سالہ عثمان اپنے بھائی کے ہمراہ گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے گوجرہ راجباہ آیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اس کا بھائی رکشے میں آرام کر رہا تھا، جبکہ عثمان نہر میں نہانے کے لیے اتر گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عثمان کا ایک بازو کمزور تھا، جس کے باعث وہ اچانک گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور نوجوان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے عثمان کی لاش جائے وقوعہ سے تقریباً تین کلومیٹر دور نہر سے برآمد کر لی۔
ریسکیو اہلکاروں نے لاش کو تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد تھانہ سٹی گوجرہ پولیس نے لاش ورثا کے حوالے کر دی۔
مرحوم کی لاش گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا، اہل خانہ پر غم کے پہاڑ ٹوٹ پڑے جبکہ پورا گاؤں سوگ کی فضا میں ڈوب گیا۔
واضح رہے کہ گوجرہ اور گردونواح میں شدید گرمی کے باعث نوجوانوں کی نہروں میں نہانے کا رجحان بڑھ گیا ہے، تاہم گزشتہ چند روز کے دوران نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہونے کا یہ تیسرا افسوسناک واقعہ ہے، جس کے بعد شہریوں نے متعلقہ اداروں سے نہروں پر حفاظتی اقدامات اور عوامی آگاہی مہم مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔