مون سون سیزن: ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب نے شہریوں کیلئے حفاظتی ہدایات جاری کر دیں

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف احسان اللہ ایاز) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات پر ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب نے مون سون سیزن کے دوران ممکنہ حادثات، عمارتیں گرنے، کرنٹ لگنے اور دیگر ہنگامی واقعات سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی مہم تیز کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے شہریوں، آئمہ کرام، مساجد کی انتظامیہ، تعلیمی اداروں، تاجروں، صنعتکاروں، کمرشل پلازوں اور سول سوسائٹی سے شدید بارشوں، آندھی اور طوفانی ہواؤں کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔

اپنے پیغام میں محمد اکرم پنوار نے کہا کہ شہری اپنے گھروں، دفاتر، دکانوں، صنعتی یونٹس، تعلیمی اداروں، مساجد اور دیگر عمارتوں کی چھتوں، دیواروں اور کمزور حصوں کا فوری معائنہ کروائیں، جبکہ پرانی اور خستہ حال عمارتوں کی بروقت مرمت کرائیں تاکہ بارشوں اور تیز ہواؤں کے دوران کسی بھی جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جن عمارتوں پر سولر پینلز نصب ہیں، ان کے اسٹینڈ، بولٹس، فٹنگ، وائرنگ اور برقی نظام کی مکمل جانچ بھی ضروری ہے تاکہ تیز ہواؤں یا بارش کے دوران سولر پینلز کے اکھڑنے، شارٹ سرکٹ یا دیگر حادثات سے محفوظ رہا جا سکے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ چھتوں کے پرنالے، نالیاں اور بارش کے پانی کی نکاسی کے تمام راستے صاف رکھے جائیں تاکہ پانی جمع نہ ہو اور عمارتوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے بارش کے دوران گری ہوئی بجلی کی تاروں، ٹرانسفارمرز اور پانی میں ڈوبے برقی آلات سے دور رہنے کی بھی تاکید کی۔

انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو نہروں، دریاؤں، برساتی نالوں، تالابوں اور بارش کے کھڑے پانی میں نہانے یا تیراکی کرنے سے روکیں اور ان پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

محمد اکرم پنوار نے آئمہ کرام اور مساجد کی انتظامیہ سے بھی درخواست کی کہ نماز جمعہ، پنج وقتہ نمازوں اور دیگر مذہبی اجتماعات کے دوران مون سون سیزن میں احتیاطی تدابیر سے متعلق عوام کو آگاہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد حفاظتی اقدامات اختیار کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے، تاہم حادثات سے بچاؤ کا بہترین طریقہ بروقت احتیاط اور پیشگی حفاظتی اقدامات ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئیوں پر مسلسل نظر رکھیں، خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت امدادی کارروائی یقینی بنائی جا سکے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے