لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد کی زیرِ صدارت ماہانہ کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال، زیرِ تفتیش اور زیرِ التواء مقدمات، اشتہاری ملزمان، منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں ایس پی انویسٹی گیشن خیبر شفیق خان، سرکل آفیسر جمرود بادشاہ خان، سرکل آفیسر باڑہ نواب خان، ضلع بھر کے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او وقار احمد نے تمام ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کو ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری ملزمان، منشیات فروشوں اور دیگر سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے، جبکہ زیرِ التواء مقدمات کو مقررہ مدت کے اندر میرٹ پر یکسو کیا جائے۔
انہوں نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور زیرِ التواء مقدمات میں خاطر خواہ پیش رفت نہ دکھانے والے ایس ایچ اوز کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے فوری طور پر اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
ڈی پی او خیبر نے کہا کہ عوام کو بروقت اور میرٹ پر انصاف کی فراہمی، جرائم کی بیخ کنی اور ضلع میں پائیدار امن و امان کا قیام خیبر پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے کے ساتھ انجام دیں، جبکہ غفلت یا لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔