سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف مدثر رتو) ممکنہ سیلابی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے اور امدادی اداروں کی تیاری کا جائزہ لینے کے لیے سمبڑیال میں اپر چناب نہر کے کنارے پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مشق شعبہ خدمتِ خلق پاکستان کے ذیلی ادارے مسلم ریسکیو مشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی، جس میں ریسکیو، ریلیف، واٹر ریسکیو، سرچ اینڈ ریسکیو اور فلڈ ایویکیوشن سمیت ہنگامی امدادی کارروائیوں کی عملی مشقوں کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا۔
موک ایکسرسائز میں اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر ورائچ، چیئرمین شعبہ خدمتِ خلق پاکستان چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ، جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ سیالکوٹ انجینئر اعجاز نصر سندھو، صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ سیالکوٹ خالد محمود چیمہ، ریسکیو 1122 کے افسران اور بڑی تعداد میں رضاکاروں نے شرکت کی۔
شرکاء نے امدادی ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت، فوری ردِعمل اور ہنگامی حالات میں عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا، جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے سیلابی صورتحال میں انسانی جانوں کو بچانے، متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے اور ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے مختلف مراحل کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہر سال مون سون کے دوران سیلابی خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کی پیشگی تیاری، جدید تربیت اور مربوط ریسکیو نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام اداروں کو باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مون سون سیزن کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اس نوعیت کی تربیتی مشقوں اور آگاہی پروگراموں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں بروقت اور مؤثر امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔