بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ کا اوپن ڈے، فال 2026 داخلوں اور نئے کیمپس کی جھلک پیش

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف احسان اللہ ایاز) بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے نئے کیمپس میں اوپن ڈے 2026 کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، والدین، ماہرینِ تعلیم، سول سوسائٹی، گرد و نواح کے کالجز کے سربراہان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد یونیورسٹی کے جدید تعلیمی ماحول، دستیاب سہولیات، فال 2026 کے داخلوں اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں سے شرکاء کو آگاہ کرنا تھا۔

تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد عمران، رکن پنجاب اسمبلی و ممبر سنڈیکیٹ خان بہادر ڈوگر، رکن پنجاب اسمبلی و ممبر سنڈیکیٹ مہر کاشف پدھیار، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ، سکھ برادری کے نمائندے گوپال سنگھ چاولہ، رجسٹرار مبشر طارق، کنوینر داخلہ کمیٹی ڈاکٹر محمد عثمان یونس، فیکلٹی ممبران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

شرکاء کو یونیورسٹی کے جدید تدریسی نظام، عالمی معیار کی سہولیات، ڈیجیٹل لرننگ اقدامات، لیبارٹریز، نئے کیمپس کی خصوصیات اور مستقبل میں شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ فال 2026 کے داخلوں کے تحت یونیورسٹی میں 23 بی ایس اور 6 ایم فل پروگرامز میں داخلے جاری ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد عمران نے کہا کہ بابا گورو نانک یونیورسٹی معیاری، جدید اور تحقیق پر مبنی اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی، جدید تعلیمی پروگرامز، عالمی معیار کی سہولیات، ڈیجیٹل لرننگ اور نئے کیمپس کی بدولت طلبہ کو ایک مثالی تعلیمی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی علمی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تحقیق، اختراع اور علم کے ذریعے ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔

رکن پنجاب اسمبلی و ممبر سنڈیکیٹ خان بہادر ڈوگر اور مہر کاشف پدھیار نے یونیورسٹی انتظامیہ، بالخصوص وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد عمران، رجسٹرار مبشر طارق اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے نئے کیمپس کی کامیاب تکمیل اور اوپن ڈے 2026 کے بہترین انعقاد پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب کے اختتام پر کنوینر داخلہ کمیٹی ڈاکٹر محمد عثمان یونس نے شرکاء کو فال 2026 کے داخلہ طریقہ کار، آن لائن درخواست، اہلیت کے معیار، داخلہ شیڈول اور یونیورسٹی میں پیش کیے جانے والے 23 بی ایس اور 6 ایم فل پروگرامز کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے طلبہ کو بروقت درخواستیں جمع کروانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ بابا گورو نانک یونیورسٹی جدید اور معیاری تعلیم کے حصول کے خواہشمند طلبہ کے لیے بہترین تعلیمی مواقع فراہم کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے