اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر محکمہ سول ڈیفنس نے ایل پی جی کی اوورچارجنگ اور ناجائز منافع خوری کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے رینالہ خورد میں واقع ایک ایل پی جی گیس پلانٹ کو سیل کر دیا اور اس پر بھاری جرمانہ بھی عائد کر دیا۔
سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی سربراہی میں ٹیم نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران پلانٹ کا ریکارڈ، نرخ نامے اور موقع پر فروخت کی جانے والی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ جانچ پڑتال کے دوران گیس کی اوورچارجنگ ثابت ہونے پر پلانٹ کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا، جبکہ مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ اوورچارجنگ اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور ضلع بھر میں بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کا معاشی استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور مہنگے داموں ایل پی جی فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف آئندہ بھی سخت قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔