میہڑ (کیو این این ورلڈ/منظور علی جوئیہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما امتیاز علی پاشا خان بٹ نے تعلقہ اسپتال میہڑ (گمس) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسپتال میں دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران امتیاز علی پاشا خان بٹ نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زیرِ التوا وارڈز کو جلد از جلد فعال کیا جائے تاکہ غریب، مستحق اور نادار مریضوں کو بہتر طبی سہولیات اور بروقت علاج کی سہولت میسر آ سکے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ او پی ڈی میں مریضوں کو تمام ضروری ادویات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو علاج کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) گمس ڈاکٹر عبدالوحید دریانی، ڈاکٹر نعیم الدین سومرو، ڈاکٹر وسیم الدین سومرو، رئیس علی بخش کھوسو، سٹی یونین چیئرمین عبدالستار چنہ، جمشید سیال اور رستم علی شیخ بھی موجود تھے۔ اسپتال انتظامیہ نے امتیاز علی پاشا خان بٹ کو اسپتال کی موجودہ صورتحال، طبی سہولیات اور درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔