کراچی پولیس کی کارروائیاں، 38 غیر قانونی افغان باشندے حراست کے بعد افغان کیمپ منتقل

کراچی (کیو این این ورلڈ/ڈاکٹر بشیراحمد بلوچ کی رپورٹ)کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف جاری مہم کے تحت پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 38 افغان باشندوں کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد افغان کیمپ منتقل کر دیا، جہاں ان کی دستاویزات کی جانچ اور وطن واپسی کے عمل کو مکمل کیا جائے گا۔

ترجمان ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے مطابق مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم 20 افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا۔ ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد تمام افراد کو افغان کیمپ منتقل کر دیا گیا تاکہ متعلقہ ادارے ان کے کیسز کا جائزہ لے سکیں۔

ادھر سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا پولیس نے بھی غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔ ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اونگزیب خٹک کے مطابق پولیس نے کارروائیوں کے دوران 15 افغان باشندوں کو حراست میں لیا، جنہیں قانونی کارروائی کے بعد افغان کیمپ منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب ملیر کینٹ پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم تین افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق تمام زیر حراست افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے افغان کیمپ منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ افغان کیمپ میں تعینات متعلقہ ادارے زیر حراست افغان باشندوں کی شناخت، دستاویزات اور قانونی حیثیت کا جائزہ لینے کے بعد ان کی وطن واپسی کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔ حکام کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں حکومتی پالیسی کے مطابق آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رہیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے