کراچی میں رینجرز کیمپ پر بھارتی سرپرستی میں خوارج کا حملہ ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک، افغان شہری گرفتار، 3 جوان شہید

کراچی (کیو این این ورلڈ) شہرِ قائد کے علاقے صفورہ میں بھارتی حمایت یافتہ اور بیرونی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گرد تنظیم جماعت الاحرار کے خوارج نے پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر بزدلانہ حملہ کیا، جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج نے رینجرز کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکے کے بعد اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 3 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جس کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے۔

اس شدید فائرنگ کے تبادلے اور بہادرانہ مقابلے کے دوران پاکستان رینجرز کے 3 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے، اور عزمِ استحکام وژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

دہشت گردی کے اس حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے رینجرز کے بہادر جوانوں کی نمازِ جنازہ کراچی میں ادا کر دی گئی ہے۔ نمازِ جنازہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر سندھ نہال ہاشمی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ڈی جی رینجرز، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہداء کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا، جس کے بعد میتیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔

نمازِ جنازہ کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر سندھ کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور کہا کہ اس ہولناک واقعے کا پورا حساب لیا جائے گا، اور سیکیورٹی فورسز ان عناصر کو دنیا کے کسی بھی کونے سے ڈھونڈ کر کیفرِ کردار تک پہنچائیں گی۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی نے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے جڑ سے اکھاڑنے کا عزم ظاہر کیا، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رینجرز کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی وطن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قربانیاں ہمارے قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں اور پاکستان اپنے جوانوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لینے کے لیے حملے کے ذمہ داروں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گا۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں شہباز شریف نے بھی رینجرز کیمپ پر بیرونی سرپرستی میں ہونے والے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ بیرونی طاقتوں کے رحم و کرم پر پلنے والے عناصر کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، جبکہ وزیراعظم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑے نقصان سے بچانے اور حملہ ناکام بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے