آزاد کشمیر کے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کا 29 جون سے کاروبار اور ٹرانسپورٹ بحال کرنے کا اعلان

مظفرآباد (کیو این این ورلڈ) آزاد کشمیر کے تاجر اور ٹرانسپورٹ رہنماؤں نے 29 جون سے کاروباری سرگرمیاں اور ٹرانسپورٹ مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ نہیں ہیں اور ریاست میں معمولات زندگی کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

مظفرآباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے تاجر اور ٹرانسپورٹ رہنماؤں نے کہا کہ جب تک عوامی ایکشن کمیٹی کالعدم قرار نہیں دی گئی تھی وہ اس کے ساتھ تھے، تاہم اب ان کا اس تنظیم سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ پاک فوج، پاکستان کے عوام اور حکومت کے خلاف نہیں ہو سکتے اور مشکل وقت میں ملنے والے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

رہنماؤں نے کہا کہ راولاکوٹ میں بیٹھے بعض عناصر کی سرگرمیوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ ان کے بقول 12 نشستوں کا معاملہ آئینی نوعیت کا ہے اور یہ کبھی تاجروں یا ٹرانسپورٹرز کا مسئلہ نہیں رہا۔ انہوں نے متعلقہ افراد سے اپیل کی کہ وہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔

تاجر رہنما گوہر کشمیری نے اعلان کیا کہ 29 جون سے تمام تاجر اپنی دکانیں کھولیں گے اور کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رکھی جائیں گی، جبکہ ٹرانسپورٹرز بھی اپنی سروسز بحال کریں گے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں معمولات زندگی بتدریج بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ مظفرآباد میں میڈیکل اسٹورز، سبزی و فروٹ کی دکانیں اور بیکریاں کھل گئی ہیں، جبکہ میرپور، بھمبر اور ضلع نیلم کے علاقے آٹھ مقام میں بھی کاروباری مراکز جزوی طور پر کھل چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے