بلوچستان میں انٹیلی جنس بنیاد پر دو کامیاب آپریشن، بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگرد انجام کو پہنچ گئے
بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی پراکسی "فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگرد ہلاک کر دیے، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 25 اور 26 جون کو خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فورسز نے 3 دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ متعدد دیگر کو زخمی کر دیا۔
ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ 26 جون کو مستونگ میں ممکنہ خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع پر ایک اور انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔