کوئٹہ (کیو این این ورلڈ): بلوچستان کے مختلف اضلاع میں جمعہ کو وقفے وقفے سے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز اور محکمہ موسمیات کے مطابق ضلع کوہلو میں زلزلے کی شدت 5.0 سے 5.1 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 17 سے 18 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کوہلو سے تقریباً 60 سے 65 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔ اس کے جھٹکے کوہلو کے علاوہ بارکھان، ژوب، رکھنی اور سبی سمیت متعدد علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سبی میں بھی 4.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی گہرائی 42 کلومیٹر اور مرکز شہر سے تقریباً 57 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔ مرکزی زلزلہ صبح 10 بج کر 58 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دوپہر کے وقت بھی مزید جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں تشویش بڑھ گئی۔
کوہِ سلیمان سے ملحق پنجاب کے سرحدی اضلاع ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بھی شہریوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کی اطلاع دی۔ کم گہرائی کے باعث بعض علاقوں میں جھٹکوں کی شدت نسبتاً زیادہ محسوس کی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی، تاہم ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور متعلقہ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بلوچستان اور کوہِ سلیمان کا خطہ انڈین اور یوریشین ٹیکٹونک پلیٹس کی حرکت کے باعث زلزلہ خیز علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں وقفے وقفے سے زلزلے آتے رہتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ زلزلے کی صورت میں محفوظ مقامات پر منتقل ہوں، غیر ضروری طور پر عمارتوں کے اندر نہ رہیں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔