گوجرہ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار عبد الرحمن جٹ)گوجرہ سب ڈویژن کے دو مختلف علاقوں سے دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد بظاہر منشیات کے عادی معلوم ہوتے ہیں، تاہم ان کی موت کی اصل وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔
پہلا واقعہ چک نمبر 241 گ ب کی حدود میں پیش آیا، جہاں کھیتوں سے تقریباً 50 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی۔ مقامی افراد کے مطابق مذکورہ شخص گزشتہ کئی روز سے گوجرہ-کھدر والا روڈ کے اطراف گھومتا پھرتا دیکھا جا رہا تھا، تاہم اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسے نہ تو منشیات استعمال کرتے، نہ سگریٹ نوشی کرتے اور نہ ہی کسی مشکوک سرگرمی میں ملوث دیکھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق متوفی کی جیب سے نسوار برآمد ہوئی ہے اور ابتدائی طور پر وہ منشیات کا عادی معلوم ہوتا ہے، تاہم اس کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
دوسرا واقعہ گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول گوجرہ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک شخص مردہ حالت میں پایا گیا۔ پولیس نے اس کی شناخت بوٹا مسیح، سکنہ چک نمبر 364 ج ب، کے نام سے کی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بوٹا مسیح بھی بظاہر منشیات کا عادی تھا۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے دونوں لاشیں اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیں، جہاں قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں اموات کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی حتمی طور پر موت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔