گوجرہ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار عبد الرحمن جٹ)گوجرہ کے نواحی گاؤں 296 ج ب جفا پور میں ایک افسوسناک حادثے کے نتیجے میں کمسن بچہ جاں بحق ہو گیا، جس سے اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا جبکہ پورے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
اہل خانہ کے مطابق مبین طارق ولد محمد طارق قوم انصاری اپنے گھر کی چھت پر کھیل رہا تھا کہ اچانک اس کا توازن بگڑ گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چھت پر حفاظتی دیوار یا مناسب رکاوٹ موجود نہ ہونے کے باعث بچہ نیچے جا گرا، جس کے نتیجے میں اسے شدید چوٹیں آئیں۔
حادثے کے فوراً بعد اہل خانہ اور مقامی افراد نے زخمی بچے کو ابتدائی طبی امداد کے لیے سول ہسپتال ایمرجنسی منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز نے اس کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی۔ تاہم مبین طارق زخموں کی شدت کے باعث جانبر نہ ہو سکا اور دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
کمسن بچے کی اچانک وفات کی خبر پھیلتے ہی اہل علاقہ کی بڑی تعداد تعزیت کے لیے مرحوم کے گھر پہنچ گئی۔ واقعے کے بعد پورے گاؤں میں رنج و غم کی کیفیت طاری ہو گئی اور ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔
اہل خانہ مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین کے انتظامات کے لیے مشاورت میں مصروف رہے، جبکہ اہل علاقہ، عزیز و اقارب اور سماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
مقامی شہریوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ گھروں کی چھتوں پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور بچوں کی نگرانی میں احتیاط برتی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔
مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت