نویں اور دسویں محرم پر ہسپتالوں میں ہائی الرٹ، طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/نیوز رپورٹر شاہد خان)کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے سلسلے میں ہسپتال میں کیے گئے خصوصی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اے ایم ایس ڈاکٹر ارسلان احمد شاہ، ڈی ایم ایس ڈاکٹر ایمن واحد اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ایمرجنسی وارڈ کا معائنہ کیا، زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور ایمرجنسی سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر نے مریضوں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور علاج معالجے کے معیار اور ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

کمشنر نے ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف اور دیگر ملازمین کی حاضری چیک کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈیوٹی روسٹر کے مطابق تمام عملے کی موجودگی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، ادویات کے ذخائر، طبی آلات کی فعالیت اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم سمیت مختلف انتظامی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر اشفاق احمد چوہدری نے ہدایت کی کہ نویں اور دسویں محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام طبی اور انسانی وسائل مکمل طور پر فعال رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عزاداران اور عوام کو بروقت، معیاری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ہسپتال انتظامیہ نے کمشنر کو محرم الحرام کے لیے ترتیب دیے گئے خصوصی انتظامات، ایمرجنسی پلان، اضافی عملے کی تعیناتی، ادویات کی دستیابی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی کاوشوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں مزید مستعدی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دی جائیں تاکہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کو بہترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ محرم الحرام کے دوران تمام سرکاری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات پہلے سے مکمل کر لیے گئے ہیں۔

مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے