رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار/لیاقت علی چوہدری)رینالہ خورد میں دورانِ ڈیوٹی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے لیسکو کے لائن مین محمد اکبر بھٹی کی ہلاکت کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو لاہور نے مبینہ غفلت اور کوتاہی کے الزام پر سٹی سب ڈویژن رینالہ خورد کے ایس ڈی او کو معطل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تین روز قبل لیسکو سٹی سب ڈویژن رینالہ خورد میں تعینات لائن مین محمد اکبر بھٹی دورانِ ڈیوٹی کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہو گئے تھے۔ واقعے کے بعد مختلف حلقوں میں ان کی موت کی وجوہات کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آتی رہیں۔ بعض مقامی ذرائع اور افراد کی جانب سے یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ محمد اکبر بھٹی کی وفات ہارٹ اٹیک کے باعث ہوئی، تاہم بعد ازاں سامنے آنے والی انتظامی کارروائی کے بعد یہ مؤقف کمزور پڑ گیا۔
ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو آفس لاہور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ابتدائی حقائق اور ذمہ داریوں کا جائزہ لیا، جس کے بعد سٹی سب ڈویژن رینالہ خورد کے ایس ڈی او کو مبینہ کوتاہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے معطل کر دیا گیا۔
علاقے میں اس کارروائی کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ملازمین اور شہری حلقوں کی جانب سے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ ہلاکت کے تمام حقائق منظر عام پر لائے جا سکیں اور ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ محمد اکبر بھٹی کی ہلاکت کے بعد بجلی کے شعبے میں کام کرنے والے فیلڈ ملازمین کے حفاظتی انتظامات اور دورانِ ڈیوٹی سیفٹی پروٹوکول پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید انتظامی اقدامات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔