رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار لیاقت علی چوہدری)رینالہ خورد کے نواحی علاقے چوچک روڈ پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا، جبکہ حادثے کا ذمہ دار نامعلوم کار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ایل پلاٹ فوجیانوالا کا رہائشی 38 سالہ محمد افضال اپنی موٹر سائیکل پر چوچک روڈ کے ذریعے بامہ بالا کے قریب جا رہا تھا کہ عقب سے آنے والی ایک نامعلوم کار نے اسے زور دار ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ محمد افضال موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی کے بعد جاں بحق ہونے والے شخص کی نعش کو آر ایچ سی ہسپتال بامہ بالا منتقل کر دیا، جہاں قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد کار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ پولیس واقعے کی تحقیقات اور نامعلوم گاڑی کی تلاش میں مصروف ہے۔ اہل علاقہ نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور تیز رفتار گاڑیوں کے خلاف مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ایسے افسوسناک حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔