قصور میں ٹریفک پولیس کا منفرد ایکشن، گاڑیاں اینٹوں کے سہارے کھڑی کر دیں

قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) قصور میں ٹریفک پولیس کی جانب سے غلط پارکنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کی جانے والی ایک کارروائی شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ حاجی فرید روڈ پر ٹریفک اہلکاروں نے مبینہ طور پر غلط پارکنگ کرنے والی متعدد گاڑیوں کو اینٹوں کے سہارے کھڑا کر دیا، جس پر شہریوں نے شدید تحفظات اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق کارروائی کے دوران گاڑیوں کے ٹائروں کے نیچے اینٹیں رکھ کر انہیں غیر معمولی انداز میں کھڑا کیا گیا۔ اس اقدام کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی زیر گردش ہیں، جہاں صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ضروری ہے، تاہم گاڑیوں کو اینٹوں کے سہارے کھڑا کرنے سے ان کے سسپنشن، ٹائروں، باڈی اور دیگر پرزہ جات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اس دوران کوئی گاڑی گر جائے یا مالی نقصان ہو جائے تو اس کی ذمہ داری کس ادارے یا اہلکار پر عائد ہوگی؟

متاثرہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لیے قانونی اور محفوظ طریقہ کار اختیار کیا جائے تاکہ شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ نہ رہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قانون شکنی کی حوصلہ شکنی ضرور کی جائے لیکن ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو مزید تنازعات یا نقصان کا سبب بن سکتے ہوں۔

شہری حلقوں نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے اور معاملے کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی گاڑی کو نقصان پہنچا ہے تو اس کی ذمہ داری کا تعین کیا جائے اور آئندہ کے لیے واضح لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے