محرم میں فول پروف سکیورٹی اور بہترین شہری سہولیات یقینی بنائی جائیں، کمشنر لاہور ڈویژن

قصور (کیو این این ورلڈ/طارق نوید سندھو): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان اور آر پی او شیخوپورہ رینج اطہر اسماعیل نے ضلع قصور کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، امن و امان اور انتظامی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مرکزی امام بارگاہ سادات منزل، امام بارگاہ حاجی فرید روڈ، امام بارگاہ مسجد شاہ نجف، مرکزی مدرسہ جامعہ عربیہ، مدرسہ جامعہ اسلامیہ دیوبند، جامع علی مسجد سمیت مختلف مذہبی مقامات اور مرکزی جلوس کے روٹس کا معائنہ کیا۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا اور ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران 109 جلوس اور 506 مجالس منعقد ہوں گی، جن کے لیے جامع سکیورٹی اور انتظامی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔ کمشنر لاہور ڈویژن اور آر پی او نے جلوس روٹس پر قائم سبیلوں، پینے کے پانی کی فراہمی اور موبائل سبیل وہیکل کا بھی جائزہ لیا اور عزاداروں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی، صفائی ستھرائی، سیوریج کی بہتری، سٹریٹ لائٹس کی مکمل فعالیت، صاف پینے کے پانی، ٹریفک مینجمنٹ اور ہنگامی طبی امداد کے انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے مقامات پر عوامی سہولیات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

آر پی او شیخوپورہ رینج اطہر اسماعیل نے حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے، سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز مزید مؤثر بنانے اور جدید ٹیکنالوجی و سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس موقع پر کمشنر لاہور ڈویژن اور آر پی او نے امام بارگاہوں، مساجد کے منتظمین، علماء کرام اور آئمہ عظام سے ملاقاتیں بھی کیں۔ علماء کرام نے بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کے فروغ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ کمشنر مریم خان نے کہا کہ قصور امن، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کا گہوارہ ہے اور محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر کے علماء اور شہریوں کا تعاون قابلِ تحسین ہے۔

بعد ازاں کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے بلدیہ چوک میں جاری بیوٹیفکیشن پراجیکٹ اور فوڈ کورٹس کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور فوڈ کورٹس میں صفائی، معیاری سہولیات اور شہریوں کے لیے محفوظ و خوشگوار ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے