سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو) تھانہ آگوکی کے علاقہ گنجیانوالی (رائے پور) میں انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں مبینہ طور پر صرف 200 روپے چوری کرنے کے الزام پر 3 افراد نے مل کر ایک 28 سالہ ذہنی معذور نوجوان شفقت الیاس کو بدترین اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ ملزمان کی جانب سے بے بس نوجوان پر کیے جانے والے اس تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان شفقت نامی نوجوان کو بیدردی سے پیٹ رہے ہیں، جبکہ ذہنی معذور اور بے بس نوجوان ملزمان کے سامنے بار بار رحم کی بھیک مانگتا رہا اور معافی کی اپیلیں کرتا رہا۔ تاہم، ظالم ملزمان کا دل نہ پسیجا اور وہ مسلسل اس پر تشدد کرتے رہے، یہ واقعہ معاشرتی اقدار کی کھلی پامالی اور انتہائی قابل مذمت ہے۔
واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد متاثرہ نوجوان کے شدید غم و غصے میں مبتلا اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے ملزمان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سماجی حلقوں کی جانب سے بھی ایک معذور شخص کے ساتھ روا رکھے جانے والے اس بہیمانہ سلوک پر شدید احتجاج کیا گیا اور ملزمان کو کڑی سزا دینے پر زور دیا گیا۔
دوسری جانب ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ پولیس سیالکوٹ نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری ایکشن لیا اور اس سنگین معاملے پر 4 روز قبل ہی باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد 2 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرکے جوڈیشل ریمانڈ پر حوالاجات جیل بھجوا دیا ہے۔
ترجمان پولیس نے مزید واضح کیا ہے کہ معاشرے میں اس قسم کے پرتشدد واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قانون کو ہاتھ میں لینے والے اور ایک معذور و بے بس شہری پر تشدد کرنے والے تمام عناصر کے خلاف بغیر کسی دباؤ اور بلاامتیاز سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ مظلوم کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔