اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد سے سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے باضابطہ اعلامیے کے مطابق، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے تسلسل اور فالو اپ کے طور پر آج سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں تکنیکی سطح کے انتہائی اہم مذاکرات منعقد ہو رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ان مذاکرات کا بنیادی مقصد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والے امور کو آگے بڑھانا ہے، اور اس اہم ترین مشن کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ان مذاکرات میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ ان بین الاقوامی مذاکرات کے لیے امریکی وفد کے اہم نمائندے وٹکوف اور جیرڈ کشنر پہلے ہی سوئٹزرلینڈ میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب، ایران کا اعلیٰ سطح کا مذاکراتی وفد باقر قالیباف کی سربراہی میں سوئٹزرلینڈ پہنچ چکا ہے۔ ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اہم وفد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، قومی سلامتی کونسل کے سینیئر عہدیدار علی باقری، ایرانی مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی، کاظم غریب آبادی اور ترجمان وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی شامل ہیں، جو اس تکنیکی عمل میں اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔