تھانہ راجہ جنگ پولیس کی بڑی کارروائی، شوہر کو پٹرول چھڑک کر زندہ جلانے والی بیوی اور اس کا آشنا دھر لیے گئے

قصور ( کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) تھانہ راجہ جنگ پولیس نے ایس ایچ او علی اکبر کی سربراہی میں ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر پر پٹرول چھڑک کر اسے بے دردی سے قتل کرنے والی سنگدل خاتون کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے مقتول عدیل شاہ کے والد سید اقبال شاہ کی مدعیت میں نامزد ملزم آصف اور اپنی بہو انعم بی بی کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق مقتول عدیل شاہ کی بیوی انعم نے اپنے آشنا آصف کے ساتھ مل کر اپنے ہی شوہر کو راستے سے ہٹانے اور بعد میں آپس میں شادی کرنے کی خوفناک پلاننگ کی تھی۔ منصوبے کے تحت عدیل شاہ کی بیوی نے اسے گھر سے نکلنے سے قبل چائے میں کوئی نشہ آور چیز ملا کر پلا دی تاکہ وہ کسی بھی قسم کی مزاحمت کرنے کے قابل نہ رہے اور ملزمان اپنے مقصد میں آسانی سے کامیاب ہو سکیں۔

نشہ آور چائے پلانے کے بعد ملزم آصف نے رات کے وقت عدیل شاہ کو بہانے سے گھر سے باہر بلایا اور اسے ایک سنسان ویرانے میں لے گیا۔ جہاں ملزم نے عدیل شاہ پر پٹرول چھڑکا اور ماچس دکھا کر آگ لگا دی، جس کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ عدیل شاہ شدید زخمی حالت میں انڈس ہسپتال رائیونڈ پہنچا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

تھانہ راجہ جنگ پولیس نے جدید خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے انتہائی قلیل وقت میں دونوں سفاک ملزمان، مقتول کی بیوی انعم بی بی اور اس کے آشنا آصف کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تمام ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں عدالت سے سخت سے سخت سزا دلوائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے