لاہور: (کیو این این ورلڈ) پنجاب کا آئندہ مالی سال 27-2026 کا سالانہ بجٹ کل 16 جون کو پیش کیا جائے گا، جس کی باضابطہ منظوری وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دے دی ہے۔ حکومت پنجاب نے نئے مالی سال کے لیے ترقیاتی بجٹ کی حد گزشتہ سال کے 1450 ارب روپے سے کم کر کے 752 ارب روپے مقرر کی ہے، جس کے تحت سالانہ ترقیاتی پروگرام میں مجموعی طور پر 3560 پراجیکٹس شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس ترقیاتی پروگرام میں 493 ارب 25 کروڑ روپے جاری سکیموں جبکہ 258 ارب 75 کروڑ روپے نئی ترقیاتی سکیموں کے لیے رکھے گئے ہیں۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق 3117 جاری ترقیاتی سکیموں کے لیے 353 ارب 84 کروڑ روپے مقامی فنڈنگ اور 139 ارب 40 کروڑ روپے بیرونی فنڈز سے حاصل کیے جائیں گے۔ اسی طرح 420 نئی ترقیاتی سکیموں کے لیے 254 ارب روپے مقامی جبکہ 4 ارب 68 کروڑ روپے فارن فنڈنگ کے ذریعے فراہم ہوں گے۔ صحت کے شعبے میں لاہور میں ‘نواز شریف کینسر ہسپتال’ کے لیے 20 ارب روپے اور ڈی جی خان میں ‘کلثوم نواز کینسر ہسپتال’ کے قیام کی تجویز ہے، جس کی مجموعی لاگت 15 ارب روپے ہوگی جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے 80 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ لاہور میں ‘نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ’ کے 169 ارب روپے کے بڑے منصوبے کے لیے ابتدائی طور پر 2 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
تعلیم اور نوجوانوں کے پروگراموں کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ پروگرام کے تحت 15 ارب 69 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ لاہور کے دو پبلک سکولوں میں ‘مریم نواز سنٹر آف اکیڈمک لیڈرشپ’ قائم کیا جائے گا جس کی کل لاگت 4 ارب روپے ہے اور آئندہ سال کے لیے 96 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ قصور میں ‘میاں نواز شریف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی’ کے ساڑھے 9 ارب روپے کے منصوبے کے لیے آئندہ مالی سال 20 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر روزگار کی فراہمی کے لیے ‘پرواز کارڈ برائے انٹرنیشنل پلیسمنٹ پروگرام’ کے لیے 30 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبے میں کسان کارڈ پروگرام کے لیے 2 ارب 47 کروڑ روپے اور اس کے دوسرے فیز کے لیے 6 ارب 75 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ لائیو سٹاک کارڈ فیز ٹو کے لیے 1 ارب روپے جبکہ ‘وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خودمختار پروگرام’ کے لیے 5 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کیے جائیں گے۔ صوبے میں خواتین اور فیملیز کے لیے تفریحی سہولیات کے تحت مریم نواز شریف لیڈیز پارک سٹی پسرور کے لیے 2 کروڑ روپے اور مریم نواز شریف فیملی پارک ڈنگر ضلع گجرات کے لیے 1 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
کھیلوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے ‘مریم نواز سپورٹس سٹی لاہور’ کے 50 ارب روپے کے وسیع منصوبے کے لیے آئندہ مالی سال 11 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ قصور میں شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس کے لیے 2 کروڑ 61 لاکھ روپے، گوجرانوالہ میں شہباز شریف سپورٹس جمنزیم کے لیے 2 کروڑ روپے اور سیالکوٹ میں نواز شریف سپورٹس گراؤنڈ کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے رکھے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ننکانہ صاحب میں نواز شریف سٹیڈیم کی واٹر سپلائی اور فلٹریشن پلانٹ کی مرمت کے لیے 3 کروڑ 30 لاکھ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
صوبائی بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود اور مواصلات کے منصوبوں کے تحت ‘مریم نواز ہیلتھ کلینک’ کے لیے 61 کروڑ روپے اور راجن پور میں مریم نواز ہیلتھ کلینک کے لیے 4 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ سیالکوٹ میں نواز شریف روڈ تا ایمن آباد روڈ کی تعمیر و مرمت کے لیے 3 کروڑ 10 لاکھ روپے اور صوبائی دارالحکومت لاہور کی مختلف سڑکوں کی تعمیر، بحالی اور مرمت کے وسیع تر منصوبوں کے لیے 8 ارب 23 کروڑ 88 لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔