قصور: مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کا عزم، مشترکہ بریفنگ

قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف) محرم الحرام کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ایک جامع سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں منعقدہ ایک اہم پریس کانفرنس سے صوبائی وزیر کھیل و توانائی فیصل ایوب کھوکھر، ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان اور ڈپٹی کمشنر قصور آصف رضا نے مشترکہ خطاب کیا۔

پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو بتایا گیا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کی تمام مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سیکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ رہیں گے۔

حکام نے سیکیورٹی اقدامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ ضلع کے تمام حساس مقامات پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور جدید نگرانی کے نظام کے ذریعے تمام جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے آپس میں مکمل رابطے میں رہیں گے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر عوام، علمائے کرام اور امن کمیٹیوں کے ممبران سے پرزور اپیل کی گئی کہ وہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ضلع قصور میں محرم الحرام کا پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہونا یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے