قصور: محرم الحرام کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان تیار، اجلاس کی صدارت

قصور (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف طارق نوید سندھو) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزیر برائے توانائی، کھیل و امورِ نوجوانان پنجاب فیصل ایوب کھوکھر نے ضلع قصور کا اہم دورہ کیا۔ انہوں نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

ڈی سی آفس قصور میں منعقدہ اس جائزہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر آفتاب احمد پھلروان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید ایوب بخاری، ایم ڈی واسا کاشف منہاس سمیت ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران اور مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس کے دوران محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، ایمرجنسی رسپانس، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے جلوسوں کے روٹس، حساس مقامات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کیے گئے خصوصی ایمرجنسی کنٹرول روم کا موقع پر جا کر وزٹ بھی کیا۔

صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر نے تمام محکموں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں تاکہ کوئی کسر باقی نہ رہے۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا اور ڈی پی او آفتاب احمد پھلروان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں مجالس اور جلوسوں کے لیے ایک جامع اور فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ حساس مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔

صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر نے امن وامان کے قیام کے لیے علمائے کرام کے مثبت کردار کو سراہا۔ انہوں نے مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور بین المسالک امن کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور شرپسند عناصر کو سر اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے