گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے علاقے منڈیالہ وڑائچ میں غیرت کے نام پر تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات سامنے آئی ہے، جہاں ایک زمیندار باپ نے پسند کی شادی کرنے پر اپنی بیٹی اور داماد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا، جبکہ واردات کو چھپانے کے لیے اپنے گھریلو ملازم کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ کینٹ کے علاقے منڈیالہ وڑائچ میں پیش آیا، جہاں ملزم طارق وڑائچ نے اپنی 25 سالہ بیٹی فائزہ، داماد عبدالوحید اور گھریلو ملازم ذوالفقار علی بھٹو کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ مقتول عبدالوحید حافظ آباد کے علاقے کالیکی منڈی کا رہائشی تھا اور اس نے تقریباً دو سے تین ماہ قبل فائزہ سے پسند کی شادی کی تھی، جس پر مقتولہ کے والد شدید ناراض تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائزہ اور عبدالوحید نے والدین کی مرضی کے خلاف شادی کی تھی اور شادی کے بعد حافظ آباد میں رہائش پذیر تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بیٹی اور داماد کو کسی بہانے گھر بلایا، جہاں پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت دونوں پر فائرنگ کر کے انہیں قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق واردات کے وقت موقع پر موجود گھریلو ملازم ذوالفقار علی بھٹو بھی اس قتل کا گواہ بن سکتا تھا، لہٰذا ملزم نے جرم چھپانے کی غرض سے اسے بھی گولی مار کر قتل کر دیا۔ یوں ایک ہی گھر میں تین افراد کی جان لے لی گئی۔
ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ شب پیش آیا، تاہم لاشوں سے اٹھنے والی بدبو پر اہل محلہ کو شبہ ہوا، جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر تھانہ کینٹ پولیس موقع پر پہنچی اور تینوں لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
ایس ایچ او کینٹ زبیر سیال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تہرے قتل کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا، تفتیشی ٹیموں کو ضروری ہدایات جاری کیں اور ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
پولیس حکام کے مطابق مرکزی ملزم طارق وڑائچ واردات کے بعد اپنی بیوی اور دیگر بچوں سمیت فرار ہو گیا ہے۔ اس کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
علاقے میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے پر شہریوں نے گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے اور ملزم کو جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔