گھوٹکی: جروار بائی پاس کے قریب چاکر مائنر میں ٹرالا گرنے سے کھاد ضائع، ڈرائیور محفوظ

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) جروار بائی پاس کے قریب چاکر مائنر میں کھاد سے بھرا ایک تیز رفتار ٹرالا اچانک بے قابو ہو کر الٹ گیا۔ مائنر میں ٹرالا گرنے کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں لدی ہوئی لاکھوں روپے مالیت کی کھاد پانی میں بہہ کر ضائع ہوگئی۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ ٹرالا الٹتے ہی مائنر کے بیچوں بیچ جا گرا، جس پر مقامی افراد بڑی تعداد میں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ خوش قسمتی سے حادثے کے نتیجے میں ٹرالے کا ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہا اور کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

حادثے کے باعث ٹرالا کئی گھنٹوں تک مائنر کے اندر ہی پھنسا رہا، جس کے بعد انتظامیہ اور مالکان کی جانب سے بھاری کرینیں اور مشینری موقع پر پہنچائی گئی۔ کئی گھنٹوں کی سخت تگ و دو اور آپریشن کے بعد ٹرالے کو مائنر سے باہر نکال لیا گیا، جبکہ اس ریسکیو آپریشن کو دیکھنے کے لیے مقامی لوگوں کا ایک بڑا ہجوم وہاں جمع رہا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں ٹرالے کے مالک کو لاکھوں روپے کا بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے، تاہم حادثہ کس وجہ سے پیش آیا اس کے متعلق تاحال کوئی حتمی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔ علاقہ مکینوں نے جروار بائی پاس اور اطراف کی سڑکوں کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ یہاں حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے