گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی ) عالمی یوم انسداد چائلڈ لیبر کے موقع پر محکمہ محنت پنجاب کے زیر اہتمام بچوں سے مشقت کے خاتمے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی پروگرامز اور آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری لیبر اینڈ ہیومن ریسورس پنجاب دانش افضال کی خصوصی ہدایت اور ڈی جی لیبر ویلفیئر پنجاب سیدہ کلثوم کی زیر نگرانی صوبہ بھر میں چائلڈ لیبر ڈے کے حوالے سے مختلف سرگرمیاں جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں گوجرانوالہ میں ورکرز کی ایک بڑی آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر گوجرانوالہ ایسٹ محمد طیب ورک اور ڈائریکٹر ویسٹ اسد علی کی جانب سے کیا گیا تھا۔ یہ ریلی سید انجینئرز سمال انڈسٹریز اسٹیٹ سے شروع ہوئی جس کی قیادت رکن صوبائی اسمبلی عمر فاروق ڈار نے کی، جبکہ ریلی میں صنعتی کارکنوں، مزدور رہنماؤں اور سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے بچوں کے حقوق کو اجاگر کیا۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے عمر فاروق ڈار نے کہا کہ بچوں کو مشقت سے نجات دلانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہر بچے کو تعلیم، صحت سمیت محفوظ ماحول کی فراہمی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے قانون پر سخت عملدرآمد ناگزیر ہے کیونکہ بچوں سے مزدوری معاشرتی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، بچوں کا اصل مقام تعلیمی ادارے ہیں، فیکٹریاں اور ورکشاپس نہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر لیبر ایسٹ محمد طیب ورک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ ایک مہذب معاشرے کی پہچان ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے اجتماعی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ ڈائریکٹر لیبر ویسٹ اسد علی نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ محنت پنجاب چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنا دراصل قومی ترقی میں بہترین سرمایہ کاری ہے۔
ریلی کے اختتام پر ڈائریکٹر لیبر ایسٹ اینڈ ویسٹ نے مشترکہ طور پر کہا کہ چائلڈ لیبر کے خلاف جدوجہد میں معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ آگاہی ریلی کے ذریعے عوام کو قوانین اور بچوں کے حقوق سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، جبکہ شرکاء نے بچوں کے استحصال کے خاتمے اور ان کے محفوظ و روشن مستقبل کے عزم کا اعادہ کیا۔