میہڑ میں افسوسناک واقعات: خودکشی، فائرنگ حادثہ اور خسرہ کی وبا، متعدد ہلاکتیں

میہڑ کیو این این ورلڈ/ منظور علی جوئیہ کی رپورٹ) میہڑ تحصیل میں مختلف افسوسناک واقعات کے دوران ایک ہی دن میں متعدد ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، جن میں نوجوان کی خودکشی، کم عمر بچی کی مبینہ حادثاتی فائرنگ سے موت اور خسرہ سے مزید دو بچوں کی ہلاکت شامل ہے، جس کے بعد علاقے میں خوف اور تشویش کی فضا پھیل گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق میہڑ تحصیل میں محکمہ صحت بچوں میں خسرہ کی وبا کو روکنے میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔ ایک ہی دن میں خسرہ کے باعث دو معصوم بچے جاں بحق ہوگئے جن میں فرحان کمانگر (ماروی کالونی، میہڑ شہر) اور ذوالفقار چنہ (گاؤں خان جو گوٹھ) شامل ہیں۔

علاقے میں اس سے قبل بھی یوسی فریدآباد اور یوسی چارو کے مختلف دیہات میں خسرہ سے 3 بچوں کی اموات رپورٹ ہو چکی ہیں، تاہم محکمہ صحت کی جانب سے مؤثر اقدامات نہ کیے جانے پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور وبا کے مزید پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسرے واقعے میں شاہ پنجو تھانے کی حدود گاؤں داؤد دیرو میں گھریلو ناچاقی کے باعث 24 سالہ نوجوان غلام مرتضیٰ سیال نے مبینہ طور پر خود کو بندوق سے فائر کر کے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ اطلاع ملنے پر اسے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کر دی۔

تیسرے واقعے میں میہڑ کے علاقے اٹک پیٹرول پمپ کے قریب فضل کھوسو کے گھر میں مبینہ طور پر اتفاقی گولی لگنے سے 16 سالہ بچی سونیا دختر فضل کھوسو جاں بحق ہوگئی۔ پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی بی سیکشن پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں ضروری کارروائی مکمل کر کے لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

پولیس نے شک کی بنیاد پر بچی کے والد فضل کھوسو کو حراست میں لے کر لاک اپ کر دیا ہے جبکہ واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے