مری (کیو این این ورلڈ) مری ایکسپریس وے پر کھجٹ کے مقام پر سیاحوں کی وین خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 13 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی مسافر وین میں 23 افراد سوار تھے جن کا تعلق ملتان سے تھا۔ یہ تمام افراد رات تقریباً 2 بجے ملتان سے مری کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق وین تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے دیوار سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں گاڑی کے انجن میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ سلائیڈنگ دروازہ بھی جام ہوگیا، جس کی وجہ سے کئی مسافر اندر پھنس گئے۔
موٹروے پولیس کے مطابق حادثے میں 13 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وین میں سوار 10 بچوں سمیت دیگر مسافر بھی موجود تھے، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔