ڈی جی خان: آرٹس کونسل کی شاندار محفلِ موسیقی، نامور فنکاروں کی پرفارمنس پر حاضرین کی داد

ڈیرہ غازیخان (کیو این این ورلڈ/نیوز رپورٹر شاہد کان) پنجاب کونسل آف دی آرٹس ڈی جی خان کے زیر اہتمام ’’دربارِ موسیقی‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں موسیقی، مزاح اور ثقافتی رنگوں کا حسین امتزاج پیش کیا گیا۔ اس خوبصورت محفل میں شہریوں، ادبی و ثقافتی شخصیات نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران معروف گلوکار اعجاز احمد توکل اور علی رضا نے شاندار پرفارمنس دے کر سماں باندھ دیا، جبکہ ندیم ریاض ملک نے بھی اپنی دلکش گائیکی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ مقامی فنکاروں کے مزاحیہ سکیٹس اور خاکوں نے شرکاء کو خوب محظوظ کیا، جبکہ ملکہ ترنم میڈم نورجہاں کے مقبول گیتوں پر مبنی خوبصورت میڈلے کو حاضرین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل مقبول احمد رانا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کونسل آف دی آرٹس معیاری اور صحت مند تفریح کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ فنکاروں کی سرپرستی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رہیں گے کیونکہ نوجوان نسل کو مثبت اور صحت مند تفریح فراہم کرنا آرٹ کونسل کا بنیادی مشن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ثقافت، موسیقی اور فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے ایسی تقریبات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ ’’دربارِ موسیقی‘‘ جیسی رنگا رنگ تقریبات معاشرے میں مثبت اقدار کے فروغ اور مٹتے ہوئے ثقافتی رنگوں کو زندہ رکھنے میں ہمیشہ اہم ترین کردار ادا کرتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے