رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار لیاقت علی): تھانہ سٹی کی حدود میں قومی شاہراہ بائی پاس پر سی سی ڈی (CCD) پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ایک خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق رینالہ خورد میں بائی پاس کے قریب موٹر سائیکل سوار ایک فیملی سفر کر رہی تھی کہ مسلح ڈاکوؤں نے انہیں روک کر اسلحے کی نوک پر لوٹ مار کرنے کی کوشش کی۔ اسی دوران گشت پر مامور سی سی ڈی پولیس موقع پر پہنچ گئی، جس پر ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ان پر اندھادھند فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس حکام کے مطابق اہلکاروں نے حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کا سلسلہ رکنے کے بعد جب دیکھا گیا تو ایک ڈاکو اپنے ہی مفرور ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر موقع پر ہی ہلاک ہو چکا تھا، جبکہ اس کے 2 ہمراہی ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے پولیس کی بھاری نفری نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔