صاف اور سرسبز ماحول ہی محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے: سیالکوٹ میں واک

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/ شاہد ریاض) عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین کی زیر صدارت آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

واک میں محکمہ تحفظ ماحولیات، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے)، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان شریک ہوئے۔ شرکاء نے ماحول کے تحفظ، شجرکاری اور آلودگی کے خاتمے کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کا عزم کیا۔

واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین نے کہا کہ عالمی یومِ ماحولیات منانے کا مقصد عوام میں ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کے دانشمندانہ استعمال کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں آج دنیا کا بڑا چیلنج ہیں جن سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ درختوں کا تحفظ اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اگر ہر شہری ایک درخت بھی لگائے اور اس کی دیکھ بھال کرے تو ماحولیاتی بہتری میں نمایاں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات جوہر عباس، ڈائریکٹر پی ایچ اے محبوب الٰہی کھر، انسپکٹر ماحولیات شاہد ڈوگر اور ریسکیو 1122 کے افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔

بعد ازاں شرکاء نے ڈپٹی کمشنر آفس کے سبزہ زار میں پودے لگائے اور ماحول دوست سرگرمیوں کے فروغ، شجرکاری اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ سرسبز اور صاف ماحول ہی آنے والی نسلوں کے محفوظ اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے