گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری)سیپکو کی بجلی بحالی مہم میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت اب تک 27 گرڈ اسٹیشنز اور 228 عدد 11 کے وی فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔
چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز سیپکو غلام مصطفیٰ لغاری اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر اعجاز احمد چنہ بحالی آپریشن کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ دونوں اعلیٰ حکام متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر چوبیس گھنٹے نظر رکھے ہوئے ہیں اور فیلڈ ٹیموں کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ کام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
سیپکو انجینئرنگ، آپریشن اور فیلڈ ٹیمیں شبانہ روز محنت کرتے ہوئے متاثرہ گرڈ اسٹیشنز کی بحالی میں مصروف ہیں۔ ترجمان کے مطابق بحالی کے عمل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید پیش رفت ہوئی ہے جس سے لاکھوں صارفین کو ریلیف ملا ہے۔
بحالی ہونے والے گرڈ اسٹیشنز میں ٹھارو شاہ، کنڈیارو، محراب پور، بھریا روڈ، گمبٹ، خیرپور، روہڑی، لاڑکانہ سمیت متعدد علاقے شامل ہیں۔
تاہم شدید موسمی صورتحال کے باعث 17 گرڈ اسٹیشنز اب بھی متاثر ہیں جن میں شہدادکوٹ، رتوڈیرو، گڑھی یاسین، میرپور ماتھیلو، خان پور مہر، پنو عاقل اور گھوٹکی سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ ان سے منسلک 139 فیڈرز کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
سیپکو انتظامیہ کے مطابق فیلڈ ٹیمیں ٹرانسمیشن لائنوں، پولز اور دیگر تنصیبات کی مرمت میں مصروف ہیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ باقی ماندہ علاقوں میں بھی جلد بجلی کی مکمل بحالی ممکن بنائی جا سکے۔
ترجمان سیپکو نے کہا کہ ادارہ صارفین کے تعاون، صبر اور اعتماد پر ان کا مشکور ہے اور بجلی کی مکمل بحالی تک آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔