بلدیاتی نمائندے غائب، عوام تعفن زدہ پانی اور بیماریوں کے خطرے میں مبتلا

میرپورخاص (کیو این این ورلڈ/ سید شاہزیب شاہ)میرپورخاص کی یونین کونسل 8 میں بلدیاتی نظام کی مبینہ غفلت کے باعث سیوریج کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں گندے پانی کی نکاسی بند ہونے سے پورا علاقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق منتخب چیئرمین اور کونسلر عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے منظرِ عام سے غائب ہیں، جس کی وجہ سے گلی کوچے جوہڑ کا منظر پیش کر رہے ہیں اور شہری شدید بلدیاتی و ماحولیاتی مسائل میں گھِر چکے ہیں۔

علاقے میں جگہ جگہ سیوریج کا بدبودار پانی جمع ہے جبکہ کچرے کے ڈھیر بھی صورتحال کو مزید خراب کر رہے ہیں۔ شہریوں کو روزمرہ آمدورفت کے لیے گندے پانی سے گزرنا پڑ رہا ہے، جہاں پھسلن اور تعفن کے باعث حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق سیوریج کا پانی گھروں کی دہلیز تک پہنچ چکا ہے جس سے نہ صرف رہائشی زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ عمارتوں کی بنیادوں کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ تعفن زدہ پانی کے باعث مچھروں اور مکھیوں کی افزائش بڑھ رہی ہے، جس سے ملیریا، ڈینگی، ٹائیفائیڈ اور دیگر وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ بچوں اور بزرگوں میں جلد اور سانس کی بیماریاں بھی بڑھ رہی ہیں۔

شہریوں نے منتخب نمائندوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ حاصل کرنے کے بعد عوام کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے اور کوئی بھی نمائندہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے علاقے میں موجود نہیں۔

علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے کمشنر میرپورخاص، ڈپٹی کمشنر اور صوبائی وزیر بلدیات سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو سی 8 میں ہنگامی بنیادوں پر صفائی، سیوریج کی بحالی اور گندے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ ساتھ ہی غفلت کے ذمہ دار بلدیاتی نمائندوں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے