صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق کا اوکاڑہ کا دورہ، عید صفائی آپریشن کی تعریف

اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق نے ضلع اوکاڑہ کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر جاری صفائی آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی، کمشنر ساہیوال، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور ڈی پی او اوکاڑہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے صوبائی وزیر کو ضلع بھر میں عیدالاضحیٰ کے دوران جاری صفائی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ صفائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے اوکاڑہ میں صفائی انتظامات اور مقررہ ٹارگٹس کے حصول پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صفائی کے ریکارڈ ٹارگٹس پورے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عید کے اختتام تک آپریشن کلین اپ بلا تعطل جاری رکھا جائے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ٹیم نے پورے صوبے میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے صفائی مہم میں حصہ لینے والے سینٹری ورکرز کو اصل ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی دن رات کی محنت سے تاریخی کام سرانجام پایا ہے۔

ذیشان رفیق نے میڈیا کو بتایا کہ پنجاب بھر میں ایک لاکھ 84 ہزار ورکرز نے صفائی آپریشن میں حصہ لیا اور 60 ہزار گاڑیاں استعمال کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن میں ریکارڈ ایک لاکھ 20 ہزار ٹن آلائشیں تلف کی گئیں جو طے شدہ ٹارگٹ سے زائد ہیں۔ پنجاب کے ورکرز اور عوامی نمائندوں نے ایک ٹیم بن کر بہترین نتائج حاصل کیے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے قابل ستائش اقدامات کیے۔

سیاسی و قومی تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ 28 مئی یوم تکبیر پاکستان کی سربلندی کا دن ہے۔ سابق وزیراعظم نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ افواج پاکستان نے اس قومی مشن کی تکمیل کے لیے بھرپور محنت اور لازوال قربانیاں دی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے