رینالہ خورد: تیز رفتاری نے 4 جانیں نگل لیں، مختلف حادثات میں خواتین اور بچے بھی زخمی

رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) عید اور دوسرے روز رینالہ خورد اور گردونواح میں پیش آنے والے پانچ مختلف ٹریفک حادثات میں 2 سگے بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق عید اور دوسرے روز تیز رفتاری، لاپروائی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی مختلف حادثات کا سبب بنی۔ پہلا افسوسناک حادثہ نواحی علاقے شیرگڑھ میں پیش آیا جہاں ایک ہی موٹر سائیکل پر چار نوجوان سوار ہو کر جا رہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہو کر سڑک پر گر گئی۔ حادثے کے نتیجے میں دو سگے بھائی حسن رضا اور علی رضا موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دو دیگر نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔

دوسرا حادثہ قومی شاہراہ پر کسان اڈا مووی پوائنٹ کے قریب پیش آیا جہاں دودھ سپلائی کرنے والی تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں وہاڑی کا رہائشی مصطفیٰ جان کی بازی ہار گیا جبکہ اس کا ساتھی شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

تیسرا حادثہ رینالہ خورد دیپالپور روڈ پر پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار عامر موقع پر دم توڑ گیا۔

اسی دوران تین چک پھاٹک کے قریب مزید دو ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں کار، موٹر سائیکل اور رکشے آپس میں ٹکرا گئے۔ ان حادثات کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق عید کے موقع پر سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے اور تیز رفتاری کے باعث حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے