سلطان واہ کے قریب ٹریفک حادثہ، 29 سالہ نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے قریب سلطان واہ کے مقام پر پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں 29 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مصطفیٰ ولد محمد بخش، سکنہ اوچ شریف، اپنی موٹر سائیکل کو پنچر لگوانے کے بعد دوبارہ سڑک پر آیا تو سامنے سے آنے والی تیز رفتار جی ایل آئی کار نے اسے زور دار ٹکر مار دی۔

حادثے کے نتیجے میں نوجوان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ٹکر کے بعد کار بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے کھیتوں میں جا گری، تاہم گاڑی میں سوار تمام افراد محفوظ رہے۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور ضروری کارروائی انجام دی۔ ورثا کی جانب سے لاش ہسپتال منتقل کرنے سے انکار پر میت گھر منتقل کر دی گئی۔

حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ اہل علاقہ نے تیز رفتاری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے