چمن پھاٹک دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش، دہشتگرد منطقی انجام تک پہنچیں گے

کوئٹہ (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں چمن پھاٹک کے قریب ہونے والے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں آئی جی بلوچستان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران آئی جی بلوچستان پولیس نے دھماکے سے متعلق ابتدائی تحقیقات اور سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں معصوم شہریوں پر ہونے والے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی گئی جبکہ شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اس دکھ اور آزمائش کی گھڑی میں بلوچستان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درندہ صفت عناصر نے معصوم اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنا کر بدترین سفاکیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے شکر گزار ہیں جو ہر مشکل وقت میں بلوچستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خون کا قرض قوم پر ہے اور فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی جبکہ زخمیوں کے علاج معالجے کی خود نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

اجلاس میں سکیورٹی اداروں نے دھماکے کے بعد کی صورتحال، حفاظتی اقدامات اور جاری تحقیقات کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے