گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) تحصیل میرپور ماتھیلو اور جروار کے قریب واقع گاؤں خدا بخش لغاری کے گورنمنٹ پرائمری اسکول میں تعلیمی نظام شدید بدانتظامی کا شکار ہونے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ مقامی والدین اور علاقہ مکینوں نے اساتذہ کی مبینہ غیر حاضری اور غیر ذمہ دارانہ رویے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کا قیمتی تعلیمی وقت ضائع ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسکول میں نہ تو باقاعدہ ٹائم ٹیبل موجود ہے اور نہ ہی تدریسی سرگرمیاں منظم انداز میں جاری ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ بعض اساتذہ اپنی مرضی سے اسکول آتے اور چلے جاتے ہیں، جبکہ طلبہ کو مستقل بنیادوں پر پڑھانے کا عمل تقریباً معطل ہو چکا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق بچے روزانہ تعلیم حاصل کرنے کی امید لے کر اسکول پہنچتے ہیں، مگر وہاں نہ اساتذہ مکمل حاضری دیتے ہیں اور نہ ہی معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ والدین نے کہا کہ بچوں کے مستقبل سے اس قسم کی غفلت کسی المیے سے کم نہیں۔
مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کیلئے سخت مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا جائے
غفلت کے مرتکب عملے کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی کی جائے
اسکول میں باقاعدہ تدریسی نظام بحال کیا جائے
علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر محکمہ تعلیم سندھ نے فوری نوٹس نہ لیا تو احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔
یہ صورتحال سندھ کے دیہی علاقوں میں سرکاری تعلیمی نظام کو درپیش مسائل کی ایک اور مثال قرار دی جا رہی ہے، جہاں بنیادی تعلیمی سہولیات اور نگرانی کے فقدان کے باعث طلبہ کا مستقبل متاثر ہو رہا ہے۔